اسلام آباد،پنجاب میں سرکاری ٹرانسپورٹ شہریوں کے لیے مفت

لاہور،اسلام آباد(پی این ایچ)اسلام آباد میں تمام سرکاری ٹرانسپورٹ شہریوں کے لیے مفت کر دی گئی۔سماجی رابطے کی سائٹ ’’ایکس‘‘ پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت کا آغاز کل سے ہوگا، یہ سہولت اگلے 30 دن تک برقرار رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے شہری ایک ماہ تک بغیر کسی کرایہ کے سرکاری بسوں میں سفر کر سکیں گے، وزارتِ داخلہ عوامی ریلیف اقدام کے لیے 35 کروڑ روپے کے اخراجات برداشت کرے گی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے تمام شہروں کے اندر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے اور بائیک سواروں کو ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کے قومی بچت اور کفایت شعاری کے جامع پروگرام پر پنجاب میں وسیع عمل درآمد کا آغاز ہوگیا۔ وزیراعلیٰ نے تاریخی عالمی بحران میں پنجاب کے عوام کے ریلیف کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا۔فیصلے کے مطابق اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔