قیدیوں کی ویڈیوز بنانے ، انٹرویوز کرنے پر پابندی عائد

لاہور( پی این ایچ)جیل خانہ جات نے جیلوں میں قیدیوں کی ویڈیوز بنانے اور انٹرویوز کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ۔اس حوالے سے آئی جی جیل میاں فاروق نذیر کی جانب سے تمام ڈی آئی جیز اور جیل سپرنٹنڈنٹس کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق کسی بھی انڈر ٹرائل یا سزا یافتہ قیدی کا انٹرویو کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کسی قیدی کی ویڈیو بنانے پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ عدالتی احکامات اور شہریوں کی عزت و وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت عالیہ نے گزشتہ سال بھی ملزمان کے انٹرویوز اور ویڈیوز نشر کرنے سے روک دیا تھا کیونکہ قیدیوں کی ویڈیوز اور مواد الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر آنے سے ان کے اہل خانہ کو ذہنی اذیت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔میاں فاروق نذیر نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ کسی بھی جیل میں کسی قیدی کی ویڈیو یا انٹرویو نہیں کرایا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سپرنٹنڈنٹس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔