وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی محمود اچکزئی سے ملاقات

اسلام آباد (پی این ایچ) وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں علامہ ناصر عباس، اسد قیصر، مصطفی نواز کھوکھر اور حسین احمد یوسفزئی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور علاج، قانونی دستاویزات تک رسائی میں رکاوٹوں اور انصاف کے حصول سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ آئندہ بجٹ، این ایف سی ایوارڈ، صوبائی حقوق، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مبینہ سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات بھی زیرِ بحث آئے۔ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قومی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ موثر سیاسی کردار ادا کیا جا سکے۔