پاکستان ، امریکا، ترکیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، انڈونیشیا سمیت مختلف ممالک نے غزہ امن بورڈ کے چارٹر پر دستخط کر دیئے

ڈیووس(پی این ایچ)پاکستان ، امریکا، ترکیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا سمیت مختلف ممالک نے غزہ امن بورڈ کے چارٹر پر دستخط کر دیئے۔ جمعرات کو یہاں عالمی اقتصادی فورم کے 56ویں اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں غزہ امن بورڈ میں شامل ممالک کے اجلاس میں غزہ امن بورڈ کے چارٹر پر دستخط کئے گئے۔ دستخط کرنے والے ممالک میں پاکستان، امریکا، آرمینیا، ارجنٹائن، آذربائیجان، بلغاریہ، انڈونیشیا، ہنگری، قازقستان ، اردن، کوسوو، پیراگوئے، قطر، سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، ازبکستان اور منگولیا شامل ہیں۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہبا ز شریف غزہ امن بورڈ کے چارٹر پر دستخط کیلئے آئے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر امریکی صدر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مابین خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا اور دونوں رہنما کچھ دیر تک محو گفتگو رہے۔قبل ازیں غزہ امن بورڈ کے چارٹر پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بورڈ آف پیس میں برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کا انتہائی اہم کردار ہے،مشرق وسطی میں پائیدار امن کے لئے کوشاں اور امن کوششوں کی کامیابی کے لئے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ امن بورڈ میں بہت سے ممالک شامل ہونا چاہتے ہیں، امن بورڈ میں شمولیت اختیار کرنے والے ممالک کا شکر گزار ہوں ، غزہ کو بہترین سیاحتی مرکز بنائیں گے۔ انہوں نے قیام امن کیلئے اپنے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 10 ماہ میں آٹھ جنگیں بند کرائیں، دو ایٹمی ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی، وزیراعظم پاکستان نے مجھے کہا کہ میں نے 10 ملین جانیں بچائی ہیں ، جنگیں رکوانے کے بعد بہت سے ممالک کے سربراہان میرے دوست بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ اور فلپائن، اسرائیل اور ایران، مصر اور ایتھوپیا ، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ہم نے جنگ بند کرائی، گزشتہ سال کی نسبت آج دنیا امیر ،محفوظ اور پر امن ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہیں۔اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ آج کا دن بہت اہم ہے ، صدر ٹرمپ نے بالکل درست کہا ہے کہ ہم نے بہت سے ناممکن کام کئے ہیں ،صدر ٹرمپ کا دنیا میں امن قائم کرنے کے حوالے سے آج اہم دن ہے، عالمی لیڈرز امن کیلئے یکجا ہوئے ہیں ،تمام عالمی رہنماؤں کا مقصد غزہ میں امن قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تنازعات کو اس امن معاہدے کے تناظر میں حل کیا جا سکتا ہے۔ غزہ امن بورڈ کا مقصد مستقل جنگ بندی کو مستحکم کرنا، غزہ کی تعمیرِ نو میں معاونت فراہم کرنا اور بین الاقوامی قانون کے مطابق فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ریاست کے قیام پر مبنی ایک منصفانہ اور پائیدار امن کو فروغ دینا ہے تاکہ خطے کے تمام ممالک اور عوام کے لئے امن، سلامتی اور استحکام کی راہ ہموار ہو۔تقریب میں غزہ امن معاہدے کے حوالے سے عالمی رہنمائوں کے پیغامات کی ویڈیو بھی نشر کی گئی۔