اسلام آباد (پی این ایچ) پاکستان پیپلز پارٹی نے امریکہ ایران جنگ بندی کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اسلام آباد ،واشنگٹن اور تہران کی قیادت نے دانشمندی سے جنگ ٹال دی۔ اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے امریکہ ایران جنگ بندی کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ ایران جنگ بندی سے پائیدار امن کا راستہ نکلناچاہیے۔ انہوںنے کہاکہ دعا ہے یہ عارضی جنگ بندی پائیدار امن کا باعث بنے،دنیا کو ملکر امن و استحکام اور خوشحالی کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ اسلام آباد ،واشنگٹن اور تہران کی قیادت نے دانشمندی سے جنگ ٹال دی۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی وفود کا استقبال کرنی کے منتظر ہیں ،صدرمملکت،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے تاریخ میں اپنا نام کندہ کرا لیا ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے اپنے بیان میں محمد ہمایوںخان نے امریکہ ایران جنگ بندی کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے امریکہ ایران جنگ بندی خطے میں امن کی جانب مثبت پیش رفت قرار دے دیا،انہوںنے کہاکہ جنگ بندی سے پائیدار امن کی راہ ہموار ہونی چاہیے، کشیدگی میں کمی عالمی امن و استحکام کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارتکاری میں ہے، خطے کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی کے مستحق ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری مستقل امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرے، امید ہے جنگ بندی دیرپا امن میں تبدیل ہوگی۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید نیر حسین بخاری نے امریکہ ایران کے درمیان جنگ بندی پر ردعمل میں کہا کہ جنگیں تباہی اور ڈائیلاگ انسانیت کا بچاؤ ہیہر مسلہ اور بحران کا حل مذاکرات میں ہے ایران امریکہ جنگ بندی سے لاکھوں کروڑوں معصوم جانوں کو بچا لیا گیا ہے ،امن کی خاطر تہران واشنگٹن اور اسلام آباد کی قیادت کی کوششیں بار آور ثابت ہونا خوش آئند ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسلام آباد میں سعودی عرب، ترکی اور مصر کی جانب سے امن اقدامات میں پاکستان کی حمایت نتیجہ خیز رہی جو قابل قدر ہے انہوں نے کہا کہ ایران کا پاکستان پر اعتماد باعث فخر ہے ،پاکستان کا عالمی سطح پر مصالحتی کردار اجاگر ہونا قوم کیلئے باعث اعزاز ہے امید رکھنی چاہیے کہ عارضی جنگ بندی مستقل امن کا پیش خیمہ ثابت ہودنیا بھر اور بالخصوص خطے میں امن کیلئے دروازے کھلیں ۔نیر بخاری نے کہا کہ دنیا اور بلخصوص خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان ذمہ دارانہ ملک کے طور پر سامنے آیا ہے خطے کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے فیلڈ مارشل صدر مملکت وزیراعظم کا کردار قابل ستائش ہے۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی سفارتی کاوشیں قابلِ قدر ہیں، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے امن، جمہوریت اور مذاکرات کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیچیدہ عالمی تنازعات کا واحد حل طاقت نہیں بلکہ سنجیدہ مکالمہ اور سفارتکاری ہے۔سینیٹر مانڈوی والا نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو خطے میں امن کے قیام کے لیے فعال کردار جاری رکھنا چاہیے، کیونکہ جنگیں انسانیت کو نقصان پہنچاتی ہیں جبکہ مذاکرات مستقبل کو محفوظ بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اعتدال، توازن اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اور یہی پالیسی آگے بھی جاری رہنی چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کا امریکہ ایران جنگ بندی کا بھر پور خیر مقدم
