پی سی ایم ای اے کا وزیر اعظم کی جانب سے برآمد کنندگان کیلئے اعلانات کا خیر مقدم

لاہور( پی این ایچ)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم کی جانب سے برآمد کنندگان کیلئے ایکسپورٹ ری فنانسنگ کی شرح 7.5 فیصد سے کم کرکے 4.5 فیصد کرنے ، بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے 4پیسے مزید کمی، ویلنگ چارجز میں 9 روپے کی کمی سمیت نمایاں کارکردگی دکھانے والے برآمد کنندگان کیلئے دو سال تک بلیو پاسپورٹس کی مراعات کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن ،پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک، وائس چیئرمین ریاض احمد ، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمن، سینئر ممبر ان عثمان اشرف، میجر (ر) اختر نذیر اور سعید خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنی سربراہی میں اعلیٰ سطحی فالو اپ کمیٹی بھی تشکیل دیں تاکہ جو بھی اعلانات کئے جائیں ان پر بروقت پیشرفت ممکن ہو سکے ۔ ایسوسی ایشن کے رہنمائوںنے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت قدیم ترین برآمدی صنعت اوردنیا میں پاکستان کی منفرد پہچان ہے لیکن کئی طرح کے چیلنجز کی وجہ سے موجودہ حالات میں یہ انتہائی زبوں حالی کا شکار ہے ، یہ پاکستان کی سب سے بڑی کاٹیج انڈسٹری ہے اورلاکھوں افراد کو دیہی علاقوں میں ان کی دہلیز پر روزگار فراہمی کا بڑا ذریعہ ہے ۔ مختلف وجوہات اور کم ہوتی برآمدات کی وجہ سے پر کشش مالی معاونت نہ ہونے سے اس صنعت کو ہنر مندوں کی شدید قلت کا سامنا ہے ،طورخم بارڈر کے مسائل اوربھاری ٹیکسز بھی مشکلات کا باعث ہیں ۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے اپیل ہے کہ اس صنعت کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے اس پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ اس کی بقاء ممکن ہو سکے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف برآمدات میں اضافے کے لئے بہترین اقدامات اٹھا رہے ہیں لیکن ہر صنعت کو الگ تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے ۔ ہاتھ سے بنے قالینوں کی تیاری ، ان کی برآمدات اور فروخت انتہائی مشکل مراحل ہیں اس لئے یہ صنعت غیر معمولی توجہ کی مستحق ہے ، ہم پر امید ہیںکہ وزیر اعظم شہباز شریف اس صنعت کو درپیش چیلنجز سے آگاہی کے لئے ایسوسی ایشن کے عہدیداروںکو مدعو کریں گے اور ہماری تجاویز اور گزارشات کو سنا جائے گا ۔