پاکستانی قوم عمران خان کیساتھ کھڑی ہے،سہیل آفریدی

حق و باطل کی جنگ کا آخری مرحلہ شروع ہو گیا ہے، محمود اچکزئی
پشاور(ویب ڈیسک)تحریک انصاف کاحیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں جلسے کا انعقاد ،کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پی ٹی آئی نے آئندہ اتوار کوہاٹ میں جلسے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورننس نہ ہونے کا الزام لگایا جاتا ہے، گورننس نہ ہوتی تو تیسری بار حکومت نہ بناتے، کہا جاتا ہے خیبر پختونخوا حکومت سنجیدہ نہیں ہے، سنجیدہ تو آپ نہیں ہیں، آپریشن پر آپریشن ڈرون پر ڈرون کر رہے ہیں، آپ کی پالیسی کامیاب نہیں ہو رہی تو پالیسی تبدیل کریں، ہمارا کیا قصور ہے، پاکستانی قوم عمران خان کیساتھ کھڑی ہے، ہماری جدوجہد پاکستانی پرچم کے سائے تلے ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ پشاور کے لئے سو ارب روپے کا اعلان کرتا ہوں، یہاں سو بستروں کا اسپتال اور انڈر پاسز بنائیں گے، پشاور میں 2013 سے 2024 تک تحریک انصاف کو ووٹ ملا اور کلین سویپ کیا، مجھے جو عزت ملی بانی چیئرمین کی وجہ سے ملی ہے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے جلسہ سے خطاب میں کہا کہ حق و باطل کی جنگ کا آخری مرحلہ شروع ہو گیا ہے، ہماری تحریک سے ان کے اوسان خطا ہو گئے ہیں، آئین پاکستان کے مطابق جو آئین توڑتا ہے وہ سیکورٹی رسک ہے، جن لوگوں نے جنگ کو ترک کیا وہ ترقی کر رہے ہیں، ہمیں جنگی جنونیت ختم کرنا ہو گی، افغانی ہمارے بھائی ہیں ہم ایک زنجیر ہیں، آئین و قانون کی بات کرنے والے کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔