راولپنڈی/میران شاہ/اسلام آباد (پی این ایچ)خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں میں 11 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہبازشریف اوروزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرآت نہیں کر سکتا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، خوارج دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے کہا کہ غیرملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان اور کرم میں کارروائیوں پر فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ہمارے بہادر و فرض شناس افسران و جوانوں کے ہوتے ہوئے دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرآت نہیں کر سکتا۔شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ارض وطن کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں فتنہ الخوارج کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم کی حمایت سے خوارجیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
فورسز کی خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، 11 خوارج جہنم واصل
