پنجاب کو پرامن بنانا پہلی ترجیح ہے ‘وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور (پی این ایچ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کو مکمل طور پر پُرامن اور کرائم فری بنانا ترجیحات میں شامل ہے،عوام کے جان و مال کی حفاظت اور جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کرنے کاعزم کررکھا ہے۔ایک بیان میںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایس ایچ او سب انسپکٹر عامر رضوان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے جان نچھاور کرنے والے قابل تحسین ہیں۔ پولیس اور دیگرسکیورٹی اداروں کے شہدائے کرام قوم کا فخر ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بنوں اور کرم میں سکیورٹی فورسز کو13 خوارجی جہنم واصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیش ورانہ خدمات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاک فوج اور پوری قوم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہے۔