عثمان ڈار کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر وزارت داخلہ کا جواب جمع

لاہور (پی این ایچ) لاہور ہائیکورٹ میں عثمان ڈار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کے دوران وزارت داخلہ نے اپنا تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت کی ۔عثمان ڈار کی جانب سے وکیل ابوذر سلمان نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔وزارت داخلہ کے جواب کے مطابق عثمان ڈار کے خلاف 9مئی کو جی ایچ کیو پر حملے کے مقدمے میں کیس درج ہے، جواب میں بتایا گیا کہ راولپنڈی پولیس کی درخواست پر درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔سماعت کے دوران عدالت نے ٹرائل کورٹ میں ہونے والی کارروائی کا مصدقہ تحریری فیصلہ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔عثمان ڈار نے اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں باقاعدہ درخواست دائر کر رکھی ہے۔