پاکستان، مصر، اردن، امارات، انڈونیشیا، ترکیہ سعودی عرب اور قطر کا غزہ پیس بورڈ کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ

اسلام آباد(پی این ایچ) پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دی گئی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے۔وزرائے خارجہ نے بورڈ آف پیس میں شمولیت کے لیے اپنی اپنی حکومتوں کے مشترکہ فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک اپنی متعلقہ آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق شمولیتی دستاویزات پر دستخط کریں گے، جن میں مصر، پاکستان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں اور یہ پہلے ہی بورڈ آف پیس میں شمولیت کے فیصلے کا اعلان کر چکے ہیں۔وزرائے خارجہ نے صدر ٹرمپ کی قیادت میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے ممالک بورڈ آف پیس کے مشن پر عملدرآمد میں مکمل تعاون کریں گے۔