لاہور (پی این ایچ)لاہور ہائیکورٹ نے 16سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی کے لیے درخواست پر سماعت کے دوران تمام فریقین کو 10فروری تک شق وار جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے آٹھویں جماعت کی طالبہ کی درخواست پرسماعت کی۔ عدالت نے پی ٹی اے، وزارتِ قانون و انصاف سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر تے ہوئے ریمارکس دئیے کہ یہ حساس نوعیت کا معاملہ ہے، تمام فریقین جواب جمع کروائیں، یہ حکومت کا پالیسی میٹر بھی ہونا چاہیے، پی ٹی اے سمیت تمام فریقین 10فروری کو شق وار جواب جمع کروائیں۔درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ سوشل میڈیا بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور تعلیمی نشوونما پر منفی اثرات ڈال رہا ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے، سوشل میڈیا کا استعمال کمسن بچوں کی نفسیات پر برا اثرات ڈالتا ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ 16سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔
کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کااستعمال ،فریقین کو نوٹسز جاری
