اسلام آباد (پی این ایچ) وزیراعظم شہبازشریف نے انسداد پولیو سے متعلق عوامی آگاہی اور ویکسین کی فراہمی کیلئے وزارت صحت کوتمام متعلقہ اداروں کیساتھ مل کر سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان سے پولیو کے سد باب کے لئے بل گیٹس کی قابل قدر خدمات یاد رکھی جائیں گی،پاکستان میں پولیو کے مکمل سد باب تک بل گیٹس فاونڈیشن جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے،حکومت جامع حکمت عملی اور موثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور جلد پاکستان سے اس بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے،اس بیماری کے خلاف جاری جنگ میں خاطر خواہ کامیابی کے باوجود ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں ،ملک میں انسداد پولیو کی مہم کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت متعلقہ منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔بدھ کو یہاں وزیراعظم سے گیٹس فائونڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے لئے آنے والے وفد میں گیٹس فائونڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس اور ڈائریکٹر پولیو کیتھی نیوزیل اور ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو مائیکل گالوے شامل تھے۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفی کمال، وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور دیگر سرکاری عہدے داران بھی شامل تھے۔ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن اور مسلم برادر ملک سعودی عرب کی طرف سے انسداد پولیو کے لئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے پاکستان میں کامیابی سے جاری انسداد پولیو مہم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کو بل گیٹس کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید کی جا سکتی ہے کہ جاری اقدامات کے نتیجے میں پاکستان جلد اس بیماری کے مکمل خاتمے کی منزل حاصل کر لے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال نے انسداد پولیو کے لیے جاری پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ کے تحت اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفی کمال نے وزیراعظم کی رہنمائی اور بل گیٹس کی ٹیم کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئیاقدامات مزید موثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے بھی ملاقات میں انسداد پولیو کے تحت تمام صوبوں اور شہروں میں جاری اقدامات پر حاضرین کو آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے وفد میں شامل گیٹس فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر پولیو ڈاکٹر کیتھی نیوزیل کو ان کی حالیہ تقرری پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں پولیو کے مکمل سد باب تک بل گیٹس فاونڈیشن جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان سے پولیو کے سد باب کے لئے بل گیٹس کی قابل قدر خدمات یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان سے پولیو کے سد باب میں بل گیٹس اور مسلم برادر ممالک سعودی عرب کے تعاون کے بے حد شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ حکومت جامع حکمت عملی اور موثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور جلد پاکستان سے اس بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اس بیماری کے خلاف جاری جنگ میں خاطر خواہ کامیابی کے باوجود ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت موثر حکمت عملی کے تحت ملک کے طول و عرض میں پولیو ٹیم کی رسائی ممکن بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ ملک میں انسداد پولیو کی مہم کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت متعلقہ منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ انسداد پولیو سے متعلق عوامی آگاہی اور ویکسین کی فراہمی کے لئے وفاقی وزارت صحت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سفارشات مرتب کرے۔ گیٹس فاؤنڈیشن صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے کہاکہ گیٹس فاؤنڈیشن، وزیراعظم پاکستان کی انسداد پولیو پر ذاتی توجہ اور اس تناظر میں اٹھائے گئے موثر عملی اقدامات کو نہایت قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے موثر اقدامات اٹھا رہا ہے جو کامیابی کی طرف گامزن ہے۔ کرس ایلیاس نے کہاکہ پاکستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ اداروں سے انسداد پولیو پر تعمیری مشاورت جاری رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں پولیو وائرس کی ماحولیاتی موجودگی کے خاتمے اور تمام علاقوں میں پولیو ٹیم کی رسائی کے تناظر میں موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں جو قابل تحسین ہیں۔
وزیراعظم کی انسداد پولیو سے متعلق عوامی آگاہی اور ویکسین کی فراہمی کیلئے وزارت صحت کومتعلقہ اداروں سے ملکر سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت
