بانی چیئرمین کی ہسپتال منتقلی، فیملی اور وکلا کو جان بوجھ کر لاعلم رکھا گیا،شفیع جان

پشاور(پی این ایچ)مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین کو خفیہ طور پر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ وفاقی وزیر عطا تارڑ کے اعتراف نے وفاقی حکومت کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین کی صحت سے متعلق سنگین خدشات کے باوجود ان کے ذاتی معالج تک رسائی روکی جا رہی ہے، جو کھلی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔شفیع جان کے مطابق بانی چیئرمین کو ہسپتال تو منتقل کیا گیا مگر فیملی اور وکلا کو جان بوجھ کر لاعلم رکھا گیا، جو مجرمانہ غفلت کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وفاقی حکومت نے فوری طور پر بانی چیئرمین کے ذاتی معالج کو رسائی نہ دی تو پارٹی سخت لائحہ عمل اختیار کرے گی۔انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت نے آئین، قانون اور عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے اور ملک کے سابق وزیر اعظم و مقبول قومی رہنما کے معاملے پر حکومتی بے حسی اور سیاسی انتقام قابل مذمت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پمز ہسپتال میں بانی چیئرمین کے طبی معائنے سے متعلق عطا تارڑ کا بیان خود وفاقی حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔شفیع جان نے بتایا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آج بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل گئے لیکن اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی کو بھی بانی چیئرمین تک فوری رسائی دی جائے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات پر غیر قانونی پابندی عائد ہے اور پنجاب حکومت عدالتی احکامات کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ملاقات پر پابندی آئین، عدالتی فیصلوں، جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔شفیع جان نے کہا کہ جعلی مقدمات میں قید رکھنے کے باوجود حکمران ٹولہ بانی چیئرمین کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہے، جبکہ بانی چیئرمین کی سیاست کا محور عوام کی ترقی، جمہوریت کا استحکام اور معاشی مضبوطی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کی توجہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے سیاسی انتقام پر مرکوز ہے۔ترجمان پی ٹی آئی نے پنجاب میں شعبہ صحت کی صورتحال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ پنجاب حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے اور صوبے کا صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔