پاک افغان سرحد کی بندش، پختونخوا کو 7 ماہ میں 4 ارب روپے کا نقصان

پشاور(پی این ایچ)پاک افغان سرحد کی بندش کے باعث پختونخوا کو 7 ماہ میں 4 ارب روپے کا نقصان ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق پاک افغان سرحد پر طویل بندش اور سرحدی تجارت و ٹرانزٹ کی معطلی کے باعث خیبر پختونخوا کو انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (آئی ڈی سی) کی مد میں شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے مطابق رواں مالی سال کے دوران آئی ڈی سی کلیکشن میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔خیبر پختونخوا حکومت نے شدید ریونیو خسارے، معاشی جمود اور روزگار کے بحران پر وفاق سے رابطہ کرلیا ہے۔مراسلے میں صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر وفاقی اور صوبائی اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل اعلیٰ سطحی اجلاس بلانے کی سفارش کی گئی ۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2024-25میں جولائی سے جنوری کے 7 ماہ میں مجموعی آمدن 7 ارب 42 کروڑ روپے رہی جو کہ مجموعی تخمینے سے 4 ارب روپے کم ہے۔