پوری قوم محافظوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے،امیر مقام

اسلام آباد (پی این ایچ)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کے لیے ایک بڑی کامیابی ہیں۔ اتوار کو وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور 12 مقامات پر دہشت گردی کی کوششیں ناکام بنائیں۔وفاقی وزیرِ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جرات، عزم اور قربانی کی مثال قائم کی ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہاکہ پوری قوم اپنے محافظوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے،ملک کے امن، خودمختاری اور استحکام کے دفاع پر سیکیورٹی فورسز کو قوم کا سلام ہے۔وفاقی وزیرِ امورِ کشمیر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ قوم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی،اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے۔وفاقی وزیرِ نے وطنِ عزیز کو ہر قسم کی دہشت گردی اور فتنہ و فساد سے محفوظ رکھنے کی بھی دعا کی۔