پی ٹی آئی کی ہڑتال کی کال ،راولپنڈی میں سخت سیکورٹی انتظامات

اسلام آباد (پی این ایچ)سیکیورٹی و امن وامان کی مجموعی صورتحال سمیت پی ٹی آئی کی جانب سے ہڑتال کی کال و متوقع احتجاج سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کے احکامات کے مطابق راولپنڈی پولیس کے شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات مکمل کرتے ہوئے سکیورٹی ہائی الرٹ کرکے 42 سو سے زائد افسران وجوان سکیورٹی و ٹریفک منظم رکھنے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔تمام سینئر افسران کوبل فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کا پابند کیاگیا ہے ،شہر میں 82 مقامات پر خصوصی پکٹس قائم کرکے داخلی خارجی راستوں پر چیکنگ کی گئی ۔سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے بتایا کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا،کسی بھی مقام پر غیر قانونی اجتماع، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن کی ٹیمیں شہر بھر میں گشت کر تی رہیںجبکہ سیف سٹی اور دیگر کیمروں سے مسلسل مانیٹرنگ کی جا ری رہی ۔ انہوںنے واضح کیا کہ کسی قسم کی شرانگریزی یا قانون شکنی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اور قانون کی بالادستی اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنایا جائے گا۔