پنجاب کو منشیات سے پاک کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے‘عظمی بخاری

لاہور( پی این ایچ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کو منشیات سے پاک کرنا مریم نواز حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور ا س حوالے سے پنجاب حکومت موقف بہت واضح ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے ملاقات کی جس میں پنجاب اور سری لنکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں انسداد منشیات اور منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے کے پروگرام پر گفتگو بھی کی گئی۔عظمی بخاری نے کہا پنجاب حکومت کا منشیات فروشوں کے حوالے سے موقف بہت واضح ہے، پنجاب کو منشیات سے پاک کرنا مریم نواز کی پہلی ترجیح ہے ،پنجاب میں اب منشیات فروشوں کے لیے کوئی جگہ محفوظ نہیں رہی۔انہوں نے مزید کہا تعلیمی اداروں میں منشیات کے تدارک کے لیے مہم چلائی گئی ہے، نوجوان نسل کو نشے جیسی لعنت سے محفوظ رکھنا حکومت پنجاب کا اولین ایجنڈا ہے، اس حوالے سے سماجی تنظیم ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب کا رول بھی قابل تعریف ہے۔عظمی بخاری نے کہا پنجاب حکومت منشیات کے مستقل تدارک اور آگاہی کے لیے ڈرگ ایڈوائزری حب کا بھرپور ساتھ دے گی۔