پنجاب حکومت کا 17اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ

لاہور (پی این ایچ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے کے 17اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ سروس چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی کے نرخ ریگولیٹ اور ذخیرہ اندوزوںکیخلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے، عوام مہنگی اشیاء بیچنے والوں کا بائیکاٹ کریں، مختلف اضلاع میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبے جون تک مکمل کئے جائیں، کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دیں،مختلف شہروں میں صفائی کی ابتر صورتحال ناقابل برداشت ہے، دو ہفتوںمیں بہتری لائی جائے۔منگل کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں صوبے بھر میں پیاز، ٹماٹر، آلو، کیلا اور دالوں سمیت 23ء اشیا خورونوش کے موجود ہ انراخ اور پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی کو بتایا گیا کہ پنجاب میں آٹے کا نرخ سندھ سے 427 روپے، خیبرپختونخوا سے 823اور بلوچستان سے 790روپے کم ہے جبکہ صوبے میں بیشتر دالوں، پھلوں اور سبزیوں کے نرخ دیگر صوبوں سے نسبتاً کم ہیں، صوبے میں دال اور چنے کا وافر سٹاک موجود ہے۔ وزیراعلی نے اشیائے خورونوش کے ڈی سی ریٹ کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ پیرا کو صوبہ بھر میں ایل پی جی کے نرخ ریگولیٹ کرنے کا حکم،ضروری اشیائے خورونوش کی ذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔وزیراعلی نے نوٹیفائیڈ نرخ سے مہنگی اشیاء بیچنے والوں سے خریداری نہ کرنے کی اپیل کی۔ مریم نواز نے اوپن ڈرینج میں اموات کے واقعات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز کو گلی گلی میں جوہڑ اور تالاب کا سروے کرنے کا حکم دیا اور کمشنرز کو روزانہ تصاویر اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی نے ہر یونین کونسل میں جوہڑوں کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیر محفوظ جوہڑ کی موجودگی ڈی سی کی ناکامی سمجھی جائے گی۔انہوںنے شجر کاری، کتے کے کاٹنے، زیبرا کراسنگ، سٹریٹ لائٹس، گرین بیلٹ اور دیگر کے پی آئیز پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے ہر ڈسٹرکٹ میں بیوٹیفکیشن کے جاری پراجیکٹ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ اور جون تک تمام اپ گریڈیشن اور بیوٹی فکیشن پراجیکٹ کی تکمیل کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے بیوٹی فکیشن پراجیکٹ کا تصویری معائنہ کیا اور بیوٹی فکیشن اور اپ گریڈیشن کے بعد خوبصورتی بحال رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کا حکم دیا گیا۔ اجلاس میں اچھرہ لاہور، رحیم یار خان، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں کے بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔مریم نواز نے گھنٹہ گھر فیصل آباد میں روڈ سائیڈ ڈرینج سسٹم اور بجلی کے تار ہٹانے،اٹک میں بیوٹی فکیشن پراجیکٹ میں کوالٹی ورک پر اظہار مسرت کرتے ہوئے ڈی سی کو شاباش دی۔وزیراعلی نے جھنگ میں صفائی کی صورتحال پر اظہارِ ناپسندیدگی کرتے ہوئے 24گھنٹے میں منتخب یونین کونسل کی مکمل صفائی کا حکم دیا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف پر بات چیت کی گئی۔مریم نواز نے صوبہ بھر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں کوڑا کرکٹ کی نشاندھی کی شکایت پرناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال میں بہتری کیلئے دو ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی۔انہوں نے ستھرا پنجاب کو قبرستانوں میں صفائی مہم دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا، صفائی کے نظام میں بہتری کے لئے اے آئی کی معاونت سے ہر یونین کونسل کی گلیوں میں کارکنوں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے ڈیجیٹل میپنگ کی جائے گی۔ وزیراعلی کو صوبے میں ٹرانسپورٹ کرایوں پر تیل قیمتوں کے اثرات کی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس میں17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلی نے گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ میں فری ٹرانسپورٹ پائلٹ کی منظوری دیتے ہوئے فی کلو میٹر ٹرانسپورٹ کرایوں کا تعین کرنے کیلئے 24گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی۔