اسلام آباد (پی این ایچ)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جمعہ کو ملک بھر میں امن کے قیام اور استحکام کے لئے یومِ دعا کے طور پر منایا جائے گا۔بدھ کو سینٹ میں اظہار خیال انہوں نے بتایا کہ اس دن پوری قوم اللہ تعالی کا شکر ادا کرنے اور خطے میں دیرپا امن کے لئے خصوصی دعائیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ ملک کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں کمی آئی ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دانشمندانہ قیادت میں پاکستان نے امن کے فروغ اور ممکنہ بڑے تنازعہ کو روکنے میں فعال کردار ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ کو پوری قوم اجتماعی طور پر دعائیں کرے گی تاکہ امن کے قیام پر شکر ادا کیا جا سکے اور خطے میں پائیدار امن کے لئے دعا کی جا سکے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان کو امن عمل سے متعلق اہم سرگرمیوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا اور امید ظاہر کی کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ بندی اور مذاکرات کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران دونوں نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے اور مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ پاکستان آئندہ بھی تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔وزیر قانون نے حکومتی و اپوزیشن ارکان پر زور دیا کہ وہ اس معاملے پر اتحاد کا مظاہرہ کریں کیونکہ قومیں مشکل وقت میں یکجہتی سے ہی ترقی کرتی ہیں۔
جمعہ کو ملک بھر میں یومِ دعا کے طور پر منایا جائے گا، اعظم نذیر تارڑ
