اسلام آباد(پی این ایچ)بانی پی ٹی آئی کیخلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اوروفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے 57صفحات پر مشتمل چالان تیار کرلیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے تیار کیا گیا چالان آج تک عدالت میں جمع کروا دیا جائیگاجس میں مجموعی طور پر 11ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے چالان میں طارق شفیع، حامد زمان سمیت دیگر افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ عارف نقوی اور طارق رحیم شیخ سمیت دیگر3ملزمان کو اشتہاری قرار دیدیا گیا ہے۔چالان میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک سے پی ٹی آئی اکاؤنٹ میں 1800ٹرانزیکشنز ہوئیں اور یہ رقم نیا پاکستان کے نام سے موصول ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان پر 2.1 ملین ڈالر کی غیرقانونی فنڈنگ کا الزام ہے جبکہ پی ٹی آئی کو2.1 ملین ڈالرکی رقم ووٹ آن کرکٹ لمیٹڈ نامی کمپنی نے بھی بھیجی، چالان کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو فراہم کردہ ریکارڈ میں کمپنی کی ملکیت عارف نقوی کے نام ظاہر کی گئی، پارٹی کے جمع کروائے گئے ریکارڈ کے مطابق کمپنی کیمن آئرلینڈ میں رجسٹرڈ بتائی گئی ہے تاہم مذکورہ کمپنی جعلی ہے اور کہیں رجسٹرڈ نہیں پائی گئی۔ ذرائع کے مطابق سپیشل کورٹ نے ایف آئی اے کو چالان جمع کروانے کی ہدایت دے رکھی ہے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائیگا۔دوسری جانب بینکنگ عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی و دیگر کیخلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، خصوصی عدالت کے جج عبدالغفور کاکڑ نے سماعت کی، اس دوران سپیشل پراسکیوٹر واثق ملک اور تفتیشی افسر پیش ہوئے،جج نے استفسار کیا کہ چالان کی کیا صورتحال ہے، پراسکیوٹر نے بتایا چالان مکمل طور پر تیار ہو چکا ہے اور انکی جانب سے آج یا کل تک رجسٹرار کے پاس جمع کروا دیا جائیگا،بعد ازاں عدالت نے مرکزی کیس کی سماعت 21اپریل تک ملتوی کر دی جبکہ کیس میں نامزد ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت میں بھی 21اپریل تک توسیع کر دی گئی، دوران سماعت ملزم فیصل قاضی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواست پر دلائل نہ ہو سکے، پراسکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کو بتائے بغیر ملزم بیرون ملک کیسے جا سکتا ہے، وکیل صفائی نے کہا فیصل قاضی ایک نجی بینک کے دبئی میں ہیڈ ہیں اور ہر سماعت پر پاکستان آتے ہیں، جج نے ریمارکس دئیے کہ آئندہ پیشی پر اگر ملزم پیش نہ ہوا تو معاملہ دیکھا جائیگا۔
فارن فنڈنگ کیس کاچالان تیار،بانی پی ٹی آئی مرکزی ملزم قرار
