وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر چلے گئے

اسلام آبا د(پی این ایچ)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر چلے گئے، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی ان کے ہمراہ ہیں۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف 15 سے 18 اپریل 2026ء تک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔ سعودی عرب و قطر کے دورے میں وزیراعظم دونوں ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں جاری دوطرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی بارے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔ فورم کے دوران وزیر اعظم دیگر عالمی رہنمائوں کے ساتھ فورم میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے ’’لیڈرز پینل‘‘ میں بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدر رجب طیب اردوان اور دیگر اہم عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔