ہفتہ وارمہنگائی میں معمولی کمی، 17اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد(پی این ایچ) ملک میں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اس سلسلے میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.69فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد مجموعی سالانہ شرح 12.16فیصد پر آ گئی ہے۔ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق مہنگائی میں مجموعی کمی کے باوجود 1ہفتے کے دوران 17اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہواجبکہ17اشیاء سستی اور 17اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ڈیزل 25.77 فیصد اور پیٹرول 3.10فیصد سستا ہوا جبکہ ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی 4.15فیصد کمی آئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 1ہفتے کے دوران چکن 10.07فیصد اور پیاز 6.63فیصد سستی ہوئی جبکہ آٹا، کیلے اور آلو سمیت کئی دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب بعض اشیا مہنگی بھی ہوئیں، ٹماٹر 6.27فیصد اور بریڈ 3.27فیصد، انڈے 2.09فیصد اور تازہ دودھ 1.15فیصد مہنگا ہو، جبکہ دہی، گھی اور مٹن سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔