ای سی سی اجلاس،مہنگائی کی شرح میں کمی ،قیمتوں میں استحکام پر اطمینان

اسلام آباد(پی این ایچ)وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی اور قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی عارضی درآمد، مختلف وزارتوں کیلئے فنڈز اور گوادر سے گدھے کا گوشت اور کھالیں ایکسپورٹ کرنے کی منظوری دے دی۔پیر کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی کے اجلاس میں پی آئی اے کے واجبات کیلئے 5 ارب 98کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، پنشن، تنخواہوں اور میڈیکل ادائیگیوں کیلئے فنڈز جاری ہوں گے۔وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں استعمال شدہ گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی عارضی درآمد اور مرمت کے بعد دوبارہ برآمد کے ایک سالہ پائلٹ منصوبے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔ اجلاس میں گوادر سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد سے متعلق موجودہ ذخیرے کو قواعد کے مطابق فروخت کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق پبلک سروس آبلیگیشن معاہدے کا معاملہ مزید غور کے لیے متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔ای سی سی نے جبری مشقت سے بنی اشیا کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ کیا ۔ بلوچستان میں افسران کیلئے 31کروڑ 10لاکھ روپے، نیب کی ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے 37کروڑ 20لاکھ روپے اور قومی ہاکی ٹیم کیلئے 3کروڑ روپے انعام کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں ای سی سی کو مہنگائی کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضروری اشیا کی قیمتیں مستحکم ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ اجلاس میں قیمتوں کے استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹماٹر، پیاز، آٹا، لہسن اور ایل پی جی سستی ہوئیں، چینی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان ہے، انڈے، چکن، دالیں، گھی اور دودھ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا، حساس قیمتوں کے اشاریہ میں کمی کا رجحان جاری ہے۔اجلاس میں کینابس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے 10کروڑ روپے کی گرانٹ اورپی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کیلئے تقریبا 6ارب روپے کی منظوری دی ، اس رقم سے ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن ادا کی جائے گی۔