لاہور( پی این ایچ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج دیا گیا،مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے،پیٹرول لیوی میں فی الفور 80 روپے فی لیٹر کی کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا،پاکستان ریلوے 6 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے جس کی بدولت مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر حکومت کی جانب سے سبسڈی کے نفاذ پر پیشرفت بارے جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کو سبسڈی کی فراہمی پر پیشرفت سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں ایندھن کے ذخائر اور کھپت پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔انیٹیلی جنس بیورو کی جانب سے حکومتی کفایت شعاری و سادگی اقدامات کے نفاذ پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس کو بتایاگیا کہ جو سبسڈی پیر کے دن سے فراہم کی جانی تھی اس کا وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر، ہفتے کوچھٹی والے دن سے آغاز ہوچکا ہے۔اس سبسڈی کو مہیا کرنے کے لیے تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے ٹرک، بسیں اور مال بردار گاڑیوں کی تفصیلات وفاقی حکومت کو فراہم کی گئیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسافر بسوں کو 1 لاکھ روپے ماہانہ اور منی بس و ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے تاکہ کرایوں میں اضافہ نہ ہو،اشیا ئے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار جبکہ ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔نظام میں شفافیت کیلئے یہ رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جارہی ہے،سبسڈی کی رقوم کی فراہمی کی فی الفور ہدایت کی جس کا آغاز گزشتہ روز سے ہو چکا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت کی جانب سے قومی پیکیج کے لیے طے شدہ رقم جمع کرا دی گئی ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔وزیراعظم نے وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا خصوصی طور پر شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ باقی صوبے بھی اس پیکج کے لئے جلد از جلد طے شدہ رقوم جمع کرا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹول ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔مشکل وقت میں جس قدر ممکن ہے عوامی ریلیف کے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے۔اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا ء ڈاکٹر مصدق ملک، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طلحہ برکی، طارق باجوہ، ڈی جی آئی بی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکیج دیا گیا‘ شہباز شریف
