حجرہ شاہ مقیم،سرکاری ہسپتال میں ای سی جی کرنے والا سینٹری ورکرگرفتار

حجرہ شاہ مقیم (پی این ایچ )سرکاری ہسپتال میں میں سینٹری ورکر کی جانب سے بغیر اجازت مریض کی ای سی جی کرنے کے واقعے پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سخت ایکشن لیتے ہوئے ذمہ دار اہلکار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے حکم پر ڈاکٹر کی اجازت کے بغیر ای سی جی مشین آپریٹ کرنے والے سینٹری ورکر رفیق مسیح کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ساؤتھ سٹی ہسپتال کی جانب سے اسے ملازمت سے برخاست کرنے کا مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق مذکورہ اہلکار اپنے رشتہ دار کی ای سی جی بغیر ڈاکٹر کی ایڈوائس کر رہا تھا جو قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ غیر متعلقہ عملہ کسی بھی صورت طبی معائنہ کرنے کا مجاز نہیں اور صرف تربیت یافتہ عملہ ہی مریضوں کا معائنہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قواعد کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اورڈی ایچ کیو ساؤتھ سٹی ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام امور کی کڑی نگرانی یقینی بنائی جائے۔