رمضان سے پہلے مہنگائی بڑھنے سے کم آمدنی والے گھرانے شدید متاثر ہیں، شیری رحمن

اسلام آباد (پی این ایچ)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ رمضان سے پہلے مہنگائی بڑھنے سے کم آمدنی والے گھرانے شدید متاثر ہیںسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ رمضان سے پہلے مہنگائی بڑھنے سے کم آمدنی والے گھرانے شدید متاثر ہیں،ہمیں ان لوگوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو بچوں کو دو وقت کی روٹی نہیں دے سکتے۔شیری رحمان نے کہاکہ پاکستان میں غذائی عدم تحفظ 2018-19 میں 15.9÷ تھا 2024-25 میں بڑھ کر 24.4÷ ہو گیا ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ شہری علاقوں میں غذائی عدم تحفظ 20.6÷ اور دیہی علاقوں میں 26.7÷ ہو گیا ۔ انہوںنے کہاکہ ناقص خوراک اور غذائی کمی ملک کو ہر سال 4.76 کھرب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا رہی ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ حکومت نے 12 ملین مستحق خاندانوں کے لیے 38 ارب روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ صرف ریلیف پیکیج کافی نہیں، سرکاری نرخ حقیقی مارکیٹ کے مطابق ہونے چاہئیں۔شیری رحمان نے کہاکہ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ سستا اور بچت بازاروں میں معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوںنے کہاکہ ہر چار میں سے ایک گھرانہ غذائی عدم تحفظ کا شکار ہے،مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔