نیویارک(پی این ایچ)نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ غزہ کی تعمیرنو اور انسانی امداد وقت کی اہم ضرورت ہے۔سلامتی کونسل کے اجلاس سے اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیز فائر کو جاری رکھنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔نائب وزیراعظم نے کہاکہ اسرائیل سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، 8 عرب اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرئیل کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، سیز فائر کا احترام کیا جانا چاہیے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ مستقل امن کے لیے باہمی احترام پر مبنی سفارت کاری ضروری ہے۔ادھر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی انڈونیشی، شامی اور مصری وفود سے سلامتی کونسل اجلاس کے موقع پر ملاقاتیں ہوئیں جن میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بریفنگ کے موقع پر انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سوجیونو سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی گہرائی اور مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین میں منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ دسمبر 2025 میں صدر پرابوو سبیانتو کے دور پاکستان کو خصوصی اہمیت قرار دیا، دورے کو دوطرفہ تعاون کے لیے نئی تقویت اور دہائیوں پر محیط پیش رفت کی عکاسی قرار دیا۔علاوہ ازیں فلسطین سے متعلق سلامتی کونسل اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا اور ملاقات میں غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فوری، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اس کے علاوہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے شام کے اقوام متحدہ کے لیے مستقل سفیر ابراہیم اولابی نے ملاقات کی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شام میں امن و استحکام کے لیے حالیہ پیشرفت کا خیرمقدم کیا اور امید کا اظہار کیا کہ اس سے خطے میں امن، اتحاد اور علاقائی سالمیت تقویت پائے گا۔انہوں نے بین الاقوامی قانون، خودمختاری اور موجودہ معاہدوں کے احترام سے متعلق پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی وعدوں کی خلاف ورزیاں علاقائی استحکام کو نقصان پہنچاتی ہیں اور انہیں متعلقہ سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔سفیر ابراہیم اولابی نے پاکستان کی مستقل اور اصولی حمایت کو سراہا اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کو استحکام اور قومی مفاہمت کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔
غزہ کی تعمیرنو اور انسانی امداد وقت کی اہم ضرورت ہے،اسحاق ڈار
