راولپنڈی(پی این ایچ)برآمدات میں اضافے تک معاشی ترقی ممکن نہیں،ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہو گا،راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر قرا العین نے اپنے بیان میں میں کہا کہ سرحدوں کی بندش، چین بارڈر پر درپیش مشکلات اور حالیہ دنوں میں ایران بارڈر سے پھلوں خصوصا کینو کی برآمدات میں رکاوٹ نے تجارت کو شدید متاثر کیا ہے، درآمدات و برآمدات کے درمیان توازن کسی بھی ملک کی مضبوط اقتصادی بنیاد کیلئے بنیادی شرط ہے، جب تک ہماری برآمدات میں اضافہ نہیں ہوگا، تب تک معاشی مشکلات کا مستقل حل پیدا نہیں ہوسکتا۔راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر قرا العین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملکی بارڈرز کو تجارت کیلئے مستقل، محفوظ اور موثر انداز میں کھولا جائے، برآمدات خصوصا زرعی مصنوعات کیلئے پائیدار راستے اور حکمتِ عملی ترتیب دی جائے، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کو سیاسی حالات سے الگ رکھ کر اقتصادی بنیادوں پر استوار کیا جائے۔
معاشی استحکام کیلئے برآمدات کو بڑھاناہوگا،قراة العین
