نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 11 فیصد اضافہ، مارچ کے دوران 2,993 نئی کمپنیاں رجسٹر

اسلام آباد(پی این ایچ)پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر نے مارچ 2026 میں اپنی ترقی کا سلسلہ جاری رکھا، جہاں 2,993 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔ یہ پیش رفت سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور غیر ملکی سرمایہ کاری، خصوصاً چین کی جانب سے بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے،یہ اعداد و شمار سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔گوادر پرو کے مطابق گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 290,041 تک پہنچ گئی ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق نئی قائم ہونے والی کمپنیوں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ 2.80 ارب روپے رہا، جو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے تسلسل کی نشاندہی کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری بھی حوصلہ افزا رہی، جہاں 58 نئی رجسٹرڈ کمپنیوں میں بیرونی سرمایہ شامل ہوا۔ چین سب سے بڑا سرمایہ کار بن کر سامنے آیاجس نے 28 کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی، جو دیگر ممالک کے مقابلے میں نمایاں برتری ہے۔ اس کے علاوہ افغانستان (7)، برطانیہ (4)، اور روس، ناروے، جرمنی اور برٹش ورجن آئی لینڈز (ہر ایک 2) سے بھی سرمایہ کاری آئی جبکہ امریکہ اور سعودی عرب سمیت دیگر کئی ممالک سے بھی انفرادی سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی۔گوادر پرو کے مطابق شعبہ وار جائزے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس سرفہرست رہے، جہاں 606 نئی کمپنیاں قائم ہوئیں۔ اس کے بعد تجارت (542)، خدمات (366)، اور رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ و تعمیرات (264) شامل ہیں۔ دیگر اہم شعبوں میں سیاحت و ٹرانسپورٹ (153)، خوراک و مشروبات (149)، تعلیم (112)، اور ٹیکسٹائل (65) شامل ہیں، جو معیشت میں وسیع بنیادوں پر سرگرمیوں کو ظاہر کرتے ہیں۔