راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) نمودِ سحر ویلفیئر فاؤنڈیشن اور Christian Study Centre کے اشتراک سے 19 مئی کو “ماحولیاتی آگاہی اور اتحاد کے ذریعے پائیدار مستقبل کی تعمیر” کے عنوان سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سیمینار کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں، بڑھتی ہوئی آلودگی، جنگلات کی کٹائی، موسمی تغیرات اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا اور مختلف طبقات کے درمیان مشترکہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔صدر نمود سحر ویلفیئر فاؤنڈیشن روبینہ اکبر نے کہا ہے کہ سیمینار میں ماہرینِ ماحولیات، سماجی کارکنان، تعلیمی شخصیات، نوجوانوں، سول سوسائٹی نمائندگان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ مقررین ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے، صاف و شفاف ماحول کی اہمیت، شجرکاری مہمات، پانی کے ضیاع کی روک تھام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔تقریب کے دوران اس امر پر بھی زور دیا جائے گا کہ پائیدار مستقبل کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ ماحولیاتی مسائل صرف کسی ایک طبقے یا خطے کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مشترکہ مسئلہ ہیں۔ سیمینار میں نوجوان نسل کو ماحول دوست سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور بہتر ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
نمودِ سحر ویلفیئر فاؤنڈیشن کرسچن سٹڈی سنٹر کے اشتراک سے آج سیمینار ہوگا
