ہمیشہ سعودی عرب کیساتھ ہیں،شہبازشریف کی سعودی وزیرِ خارجہ سے گفتگو

اسلام آباد (پی این ایچ)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے غیر معمولی تحمل کو سراہتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو یہاں وزیر اعظم ہائوس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ وزیر اعظم نے سعودی وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک تمناں کا اظہار کیا جبکہ ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے بھی نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے موجودہ بحران کے دوران سعودی عرب کی جانب سے اختیار کردہ غیر معمولی تحمل کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ وزیر اعظم نے حالیہ دنوں میں ولی عہد کے ساتھ اپنی بات چیت کا حوالہ دیا جن میں 12 مارچ کو جدہ میں ہونے والی ملاقات بھی شامل ہے۔ انہوں نے سعودی وزیر خارجہ کو موجودہ بحران کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا جن میں کشیدگی کم کرنے اور امریکہ و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں شامل ہیں۔ مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے اس نازک وقت میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی صورتحال پر سعودی عرب کے مقف سے آگاہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی مشترکہ کوششوں اور قریبی رابطے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔