آسٹریلوی اداکارہ کے ہراسانی کے سنگین الزامات،کیٹی پیری ایک اور مشکل میں پھنس گئی

سڈنی(پی این ایچ)عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ کیٹی پیری ایک نئے تنازعے کی زد میں آگئی ہیں جہاں آسٹریلوی اداکارہ روبی روز کے سنگین الزامات کے بعد پولیس نے ان کیخلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روبی روز نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر متعدد پوسٹوں میں دعویٰ کیا کہ کئی سال قبل کیٹی پیری نے میلبورن کے ایک نائٹ کلب میں ان کیساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا،انہوں نے واقعے کو طویل عرصے تک چھپائے رکھا تاہم تقریبا دو دہائیوں بعد انہوں نے اس بارے میں بات کرنے کا فیصلہ کیا۔روبی روز نے اپنی پوسٹس میں کہا کہ واقعے کے اثرات نے انکی زندگی پر گہرا اثر ڈالا اور یہی وجہ تھی کہ وہ اتنے برس خاموش رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی تمام رپورٹس مکمل کرچکی ہیں اور اب پولیس کی ہدایت کے مطابق اس معاملے پر مزید عوامی گفتگو نہیں کر سکتیں۔آسٹریلوی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس مبینہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق میلبورن کی جنسی ہراسانی اور بچوں کے استحصال کی تفتیشی ٹیم کیس کی چھان بین کر رہی ہے جو مبینہ طور پر 2010میں میلبورن کے ایک مقام پر پیش آیا تھا،تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اسلئے مزید تفصیلات فراہم کرنا قبل از وقت ہوگا تاہم معاملے نے عالمی شوبز انڈسٹری میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے اور سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل دیکھنے میں آ رہے ہیں۔دوسری جانب کیٹی پیری کی ٹیم نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور خطرناک جھوٹ قرار دیا ہے۔ گلوکارہ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ روبی روز ماضی میں بھی مختلف شخصیات پر سنگین الزامات عائد کرتی رہی ہیں جنہیں متعلقہ افراد نے مسترد کیا ہے۔