میگھا کوبسنت کے تہوار پر کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سے لائیو پرفارمنس کی پیشکش

لاہور( پی این ایچ) نامور گلوکار میگھا کے بسنت کے لئے تیارکئے گئے خصوصی گانے ’’ آگئی بسنت اج لاہور سجیا ‘‘کی سوشل میڈیا پر بے حد پذیرائی کے بعد کارپوریٹ سیکٹر نے گلوکارہ کو بسنت کے تہوار پر لائیو پرفارمنس کیلئے پیشکش کر دی ۔اس حوالے سے گلوکارہ نے بتایا کہ لاہور میں دو دہائیوں بعد بسنت کا تہوار منایا جارہا ہے اور یہ ہو نہیں سکتا تھاکہ میں اس کیلئے خصوصی گانا تیار نہ کروں ، اس کا میوزک طارق طافو نے ترتیب دیا ہے جبکہ کوریو گرافرز ذیشان علی جانو اور وقاص علی ہیں ۔ میگھا نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ریلیز کے بعد پرستاروں کی جانب سے پذیرائی کے جتنے پیغامات آئے ہیں اس سے میری خوشی کا کوئی ٹھکانانہیں تھا ۔ میگھا نے بتایا کہ مجھے کارپوریٹ سیکٹر سے پیشکش ہوئی ہے کہ بسنت کے تہوار پر میں اس گانے پرلائیو پرفارمنس دوں جس کے بارے میں رواں ہفتے میں ہی حتمی فیصلہ کرلوں گی کیونکہ میرے پاس ایک سے زیادہ پیشکشیں موجود ہیں۔ میگھا نے کہا کہ میری زندہ دلان لاہور سے گزارش ہے کہ پنجاب حکومت کے محفوظ بسنت کے لئے طے کئے گئے ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ کسی طرح کے جانی نقصان کا اندیشہ نہ ہو ۔