کاغذات نامزدگی 13 اپریل سے وصول، پولنگ 30 اپریل 2026 کو ہوگی
مظفرآباد(پی این ایچ) الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے ریاستی اسمبلی کے عام انتخابات کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے مختلف مراحل کے لیے تاریخیں مقرر کر دی گئی ہیں تاکہ انتخابی عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق عوام الناس کے ووٹ کے اندراج، اخراج اور درستگی کے لیے آخری تاریخ 2 اپریل 2026 سے بڑھا کر 7 اپریل 2026 کر دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ابتدائی انتخابی فہرستیں 13 اپریل 2026 کو شائع کی جائیں گی۔ اس کے بعد عوام الناس اپنے ووٹ کے اندراج، اخراج اور درستگی سے متعلق دعوے اور اعتراضات 13 اپریل سے 17 اپریل 2026 تک جمع کرا سکیں گے۔موصول ہونے والے دعووں اور اعتراضات پر 17 اپریل سے 20 اپریل 2026 تک سماعت کی جائے گی اور فیصلے صادر کیے جائیں گے۔ اس کے بعد رجسٹریشن آفیسرز کی جانب سے فیصلوں کو انتخابی فہرستوں میں شامل کر کے حتمی فہرستیں 21 اپریل سے 25 اپریل 2026 تک مکمل کی جائیں گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے لیے پولنگ 30 اپریل 2026 کو کرائی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ اداروں اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹر لسٹوں میں اپنے اندراج کی تصدیق کریں اور کسی بھی غلطی کی صورت میں بروقت درخواست جمع کرا کے انتخابی فہرستوں کی درستگی یقینی بنائیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کا شیڈول جاری
