اسلام آباد (پی این ایچ)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں میں سعودی عرب کی ثابت قدم حمایت پر دلی طور پر شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنمائوں نے دیرپا امن کے حصول کے لیے ڈائیلاگ اور سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے علاقائی صورتحال میں حالیہ پیش رفت کے حوالے سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بایراموف سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بایراموف نے ابتدائی جنگ بندی کے حصول اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اور پاکستان کی قیادت کے کردار کو سراہا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کوششیں دیرپا امن کا باعث بنیں گی۔دونوں رہنمائوں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ادھرنائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار نے جنوبی افریقہ کے وزیر برائے بین الاقوامی تعلقات و تعاون رونالڈ لامولا سے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطی اور وسیع خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جنوبی افریقی وزیر نے عارضی جنگ بندی کے حصول میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جنوبی افریقی وزیر نے خطے میں استحکام کیلئے جنوبی افریقہ کی حمایت کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیااور اعلیٰ سطح کے رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار کا مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کا رابطہ ،مذاکرات پر تبادلہ خیال
