امید ہے دونوں فریق بات چیت کا عمل اور جنگ بندی جاری رکھیں گے، پاکستان

اسلام آباد (پی این ایچ)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مذاکراتی عمل میں شریک امریکا اور ایران کے وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے دونوں فریق بات چیت کا عمل اور جنگ بندی جاری رکھیں گے، دونوں ممالک نے وزیراعظم کی درخواست پر مثبت ردعمل دیا،دونوں ملک خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور خوشحالی کیلئے مثبت سوچ سے آگے بڑھیں گے ۔پاکستان کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم ایران اور امریکہ کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے نہ صرف وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جنگ بندی کی درخواست منظور کی بلکہ پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد میں مذاکرات بھی کیے۔انہوںنے کہاکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی جبکہ اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد نے مذاکرات میں شرکت کی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں وفود کے درمیان جامع اور تعمیری مذاکرات کے متعدد دور ہوئے، میں نے بطور نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مذاکراتی عمل میں معاونت کی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ فریقین کی طرف سے پاکستان کے مثبت کردار کے اعتراف پر شکر گزار ہیں، امید کرتے ہیں دونوں ملک خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور خوشحالی کیلئے مثبت سوچ سے آگے بڑھیں گے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ دونوں ملک سیز فائر جاری رکھنے کے عزم پر قائم رہیں۔انھوں نے ایک بار پھر ایران اور امریکہ کی جانب سے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہنے پر دونوں ملکوں کا شکریہ ادا کیا۔