انتونیو گوترس کا اسحاق ڈار کو فون، ایران امریکا مذاکرات پر پاکستان کے کردار کو سراہا

اسلام آباد (پی این ایچ)نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس نے ٹیلی فون کر کے اسلام آباد میں ہونے والے امریکا ایران مذاکرات کے انعقاد پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسحاق ڈار سے ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کیا اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے امریکا اور ایران جنگ بندی کے لیے اسلام آباد میں مذاکرات کے انعقاد پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔انتونیو گوترس نے بتایا کہ مشرقِ وسطی کے بحران کا کوئی فوجی حل نہیں، سنجیدہ مذاکرات کو دوبارہ شروع ہونا چاہیے، بین الاقوامی بحری آمد و رفت کے حقوق اور آزادیوں کا احترام ہونا چاہیے۔اس موقع پر وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے بھی خطے میں امن و استحکام کے لیے مکالمے اور سفارت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔