اسلام آباد (پی این ایچ )قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے بانی پی ٹی آئی کو مائنس نہ ہونے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں محمود اچکزئی نے کہا کہ کسی بھی سیاسی شخصیت کو مائنس کرنے کا تجربہ بربادی کا باعث بنا ہے، بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کی ہر صورت میں مذمت اور مزاحمت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا تعاون ایسے حالات میں ہوا ہے، جب وہ تکلیف میں تھے، عمران خان کے ساتھ دوستی کا وعدہ کیا ہے، یہ اتحاد قائم ہے اور قائم رہے گا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میرا اور سینیٹر علامہ ناصر کا بانی پی ٹی آئی سے اس وقت تک اتحاد ہے جب تک وہ باعزت بری ہو کر نہیں آتے۔انہوںنے کہاکہ علامہ ناصر عباس اور میں نے با رہا کہا دوسروں کے بچے اور بچیوں کو مروانے کے لیے نہیں بیٹھے، ہم مزاحمت کریں گے مگر کسی کی جان کا سودا نہیں کریں گے۔محمود اچکزئی نے کہا کہ سہیل آفریدی نے کسی جلسے کے اعلان سے قبل اپوزیشن سے رابطہ نہیں کیا، ہمیں پی ٹی آئی نے بتایا تھا بانی پی ٹی آئی کا حکم ہے بغیر این او سی کہیں جلسہ نہیں کرنا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس بلا لیا ہے، جلسے کے حوالے سے اتحاد کے قائدین مشاورت کریں گے۔قبل ازیں ایوان میں خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہماری اپنی کوتاہیوں کی وجہ سے سسٹم نہیں چل رہا۔انہوں نے کہا کہ ارکان سیشن کے دوران چھٹیاں نہ کریں، پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمیں کم سے کم جمہوری نکات پر متفق ہو کر قومی حکومت کی طرف بڑھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے ساتھ مزید کھلواڑ نہیں کرنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کیوں جیل میں بیٹھے ہیں؟محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہماری حکومتوں نے بانی پی ٹی آئی کو توڑنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں ٹوٹے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک آدمی اپنی انا کے لیے تمام دنیا کو جنگ کے شعلوں میں دھکیلنا چاہتا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا بانی پی ٹی آئی کو مائنس نہ ہونے دینے کا اعلان
