تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا امتیاز جاری ہے، محمد طلال چوہدری

اسلام آباد (پی این ایچ)وزیر مملکت برائے داخلہ محمد طلال چوہدری نے سینیٹ کو آگاہ کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا امتیاز جاری ہے۔منگل کو سینیٹ میں اٹھائے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں جس میں سیکٹر Gـ10/2 کے نالوں کے کنارے خیمہ بستیوں کے قیام کا معاملہ اٹھایا گیا تھا، وزیر مملکت نے بتایا کہ موجودہ حکومت کے دور میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے 422 ایکڑ اراضی پر قائم تجاوزات ختم کی جا چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن پورے اسلام آباد میں یکساں طور پر جاری ہے اور اس میں امیر و غریب یا پوش و غیر پوش علاقوں میں کوئی فرق نہیں کیا جا رہا۔طلال چوہدری نے کہا کہ جی ٹی روڈ، سیدپور، اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت متعدد علاقوں میں کارروائیاں کی گئی ہیں اور یہ صرف کچی آبادیوں تک محدود نہیں بلکہ پکے علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے آخری 10 دنوں میں نالے کے کنارے کچھ عارضی بستیاں قائم ہو گئی تھیں جس کی وجہ سے کارروائی کی رفتار کچھ کم کی گئی تھی تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ چند دنوں میں یہ تجاوزات مکمل طور پر ختم کر دی جائیں گی اور کارروائی تیز رفتاری سے جاری رہے گی۔وزیر مملکت نے کہا کہ کارروائی سے پہلے قانونی تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں، بشمول پیشگی نوٹس اور وارننگ اور کسی شخص کو بغیر موقع دیئے بے دخل نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ تجاوزات اب تجارتی سرگرمیوں میں تبدیل ہو چکی ہیں جن میں دکانیں اور ہوٹل بھی شامل ہیں۔اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو یقین دلایا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی خصوصاً اقلیتی برادریوں کے ساتھ۔انہوں نے کہا کہ تمام کارروائیاں قانون کے مطابق ہوں گی اور متاثرہ افراد کے لئے متبادل انتظامات پر بھی غور کیا جائے گا۔