اسلام آباد (پی این ایچ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پٹرول کی قیمت 250روپے فی لیٹر تک لانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ لیوی ٹیکس عوام کیساتھ ظلم ہے،معاملے پر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، پاکستان کی میزبانی میں مذاکرات خوش آئند، شیطان کی پوجا کرنے والوں نے امریکہ کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام ایک لیٹر پیٹرول پر 125روپے ٹیکس ادا کر رہے ہیں، سوچ رہے تھے کہ جنگ بندی پرانی قیمت واپس آجائے گا مگر افسوس 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کھرب پتی ٹیکس بچا رہے ہیں اور موٹرسائیکل چلانے والا ٹیکس دے رہا ہے، حکومت لیوی ٹیکس سے 600ارب روپے تک کما رہی ہے اسے ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت 250روپے لیٹر تک لائی جائے، لیوی ٹیکس ختم ہوگا تو معاشی سرگرمیاں بڑھ جائیں گی جس کا فائدہ ملک کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لیوی کو عوام کیساتھ ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاملے پر عدالت کا دروازہ کھٹکائیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں ایران امریکہ مذاکرات خوش آئند تھے،حکومت نے اچھا کردار کیا اور مزید ادا کرسکتی ہے،ہم چاہتے ہیں مذاکرات کامیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شیطان کی پوجا کرنیوالوں نے امریکہ کو یرغمال بنایا ہوا ہے، اطلاعات ہیں کہ فریقین معاہدے کے قریب تھے مگر امریکی نائب صدرکو فون آیا اور وہ معاہدہ کئے بغیر چلے گئے۔
جماعت اسلامی کا حکومت سے پٹرول کی قیمت 250روپے فی لیٹر تک لانے کامطالبہ
