حضرت واصف علی واصف کا 34 واں سالانہ عرس 12 جنوری کو شروع ہو گا

لاہور (پی این ایچ)معروف روحانی رہنما و صوفی دانشور حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ کا 34 واں سالانہ عرس ان کے مزار واقع میانی صاحب بہاولپور روڈ میں 12 جنوری سے شروع ہو رہا ہے جو کہ تین دن جاری رہے گا۔پروگرام کے مطابق عرس کا آغاز ان کے مزار شریف پر بعد از نماز عصر رسم چادر پوشی سے ہوگا۔سردار نصراللہ خان دریشک عقیدت مندوں کے ہمراہ یہ رسم ادا کریں گے۔ اس موقع پر درود و سلام کی محفل ہو گی جس میں اسلام کی سر بلندی اور ملک وملت کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی طور پر دعائیں کی جائیں گی۔ اسی رات کو محفل نعت کا اہتمام کیا گیا ہے۔عرس کے دوسرے روز 13 جنوری کو الحمرا ہال نمبر 1 میں صاحبزادہ معین الدین محبوب کوریجہ کی زیر صدارت سیمینار ہو گا جس میں مقررین حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ کی زندگی اور روحانی تعلیمات کے حوالے سے اظہار خیال فرمائیں گے۔رات کو مزار شریف میں محفل سماع ہو گی۔حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کے آخری روز 14 جنوری کو مزار شریف پر محفل آڈیو کیسٹ ہو گی جس میں ان کی زندگی میں ان سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات سنائے جائیں گے جبکہ بعد از نماز عصر اختتامی دعا ہوگی جس میں خواجہ محمد سلیمان قمر قادری مہمان خصوصی ہوں گے۔