خیبر پختونخوا حکومت تبدیل ہو سکتی ہے،امیر مقام

پشاور(پی این ایچ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کی تبدیلی خارج از امکان نہیں، مناسب وقت پر اکثریت ثابت کر کے دکھائیں گے، 53 اراکین اسمبلی کی صورت میں مضبوط اپوزیشن اتحاد خیبرپختونخوا میں پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہارِ انہوں نے صوابی میں ن لیگ خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حاجی دلدار خان کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد کیا۔امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات چاہتی ہے لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی ایسا نہیں چاہتی، عمران نیازی کے خلاف عدالت میں کیسز ہیں، وہ ان کا سامنا عدالت میں کریں۔انہوں ںے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات کے فیصلوں سے ن لیگ کا کوئی لینا دینا نہیں، قومی مفادات کیلئے مل بیٹھنے کیلئے تیار ہیں، یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے پی ٹی آئی کا احتجاج کرنا مناسب نہیں تھا، قوم نے ان کو مسترد کر دیا ہے، اب 14 اگست جشن آزادی پر احتجاج کی کال بھی ملک دشمنی ہے۔