اسلام آباد (پی این ایچ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد حکومت نےایک مرتبہ پھر عوام پر بوجھ ڈالتے ہوئے پٹرولیم لیوی کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ کر دیا، جیٹ فیول کے نرخ بھی ایک ماہ کے دوران چھٹی بار بڑھ گئے۔حکومت نے پٹرول پر لیوی میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا، پٹرول پر لیوی بڑھ کر 160.61 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اس سے پہلے پٹرولیم لیوی 106 روپے فی لیٹر تھی۔رواں مالی سال پٹرولیم لیوی کا ہدف ایک ہزار 468 ارب روپے مقرر ہے، لیوی کی شرح بلند ہونےسے نان ٹیکس ریونیومیں مزید اضافہ متوقع ہے۔اس کے علاوہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر پٹرول و ڈیزل پر سبسڈی بھی ختم کر دی گئی۔ڈیزل پر 203 روپے اور پٹرول پر 95 روپے فی لٹر دی جا رہی سبسڈی ختم کی گئی ہے، سبسڈی ختم کر کے تمام بوجھ صارف پر منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پٹرول کی قیمت میں 137.23 روپے اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 184.49 روپے بڑھاتے ہوئے نئی قیمت 520 روپے 35 پیسے مقرر کر دی ہے۔
سبسڈی ختم،پیٹرول لیوی میں 55روپے فی لیٹر اضافہ
