راولپنڈی(پی این ایچ)کور کمانڈر کانفرنس نے سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس حملوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حملوں کو غیر ضروری اور کشیدگی میں اضافہ قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب پر حملے مشرق وسطی کا تنازع حل کرنے کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ فورم نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہدا کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی اساس ہے۔آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی، دفاع وطن کے لئے پائیدار انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ثابت قدمی کو سراہا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ حکومت، مسلح افواج، عوام کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے کامیابیوں کو مزید مستحکم بنانے، معاشی استحکام کو مضبوط اور علاقائی و عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو بہتر بنانے کی جانب گامزن ہے۔فورم نے طے کیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کے ایما پر کام کرنے والے تمام دہشت گرد پراکسی عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین سمیت، بلاامتیاز اور مسلسل تعاقب کے ذریعے ختم کیے جائیں گے۔
سعودیہ پر ایرانی حملے کشیدگی بڑھا رہے ہیں،کور کمانڈر کانفرنس
