سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس سے ملاقات، پی ٹی آئی کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا

اسلام آباد (پی این ایچ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی جس میں انہوںنے پی ٹی آئی کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات 30 منٹ سے زائد جاری رہی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں سلمان اکرم راجہ نے چیف جسٹس کو پی ٹی آئی کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعد ازاں سلمان اکرم راجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے زیادہ ہمارے لیے کچھ اہم نہیں ہے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جمعہ کی صبح سے چیف جسٹس اور اٹارنی جنرل سے ملاقاتیں اور رابطوں میں رہے، پورے دن کی تگ و دو کے بعد جو حاصل ہوا وہ بلکل تسلی بخش نہیں ۔انہوں نے بتایاکہ تگ و دو کے بعد ہمیں اس حد تک کامیابی ملی ہے کہ ہمیں رپورٹ مل جائیگی، ہم نے سپریم کورٹ کے باہر اخلاقی مقدمہ لڑا۔ بتایاگیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی بہنوں کو میڈیکل رپورٹس دے دی جائیں گی، رپورٹ ملنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دینیکی یقین دہانی کرائی گئی۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی وکلاء ، خاندان اور رفقاء کیساتھ ملاقات کے لیے جدو جہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے لائحہ عمل دینے کا حتمی اختیار محمود اچکزئی، راجا ناصر عباس کو دیا ہے، میڈیکل رپورٹ سے ہمیں بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی صورتحال کا پتہ چل جائیگا، یہ میڈیکل رپورٹ حاصل کرنا ہمارا مطمع نظر نہیں تھا۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمرا خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ کرانے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ پہنچے تھے۔جہاں سلمان اکرم راجہ اور لطیف کھوسہ نے رجسٹرار سپریم کورٹ اور اٹارنی جنرل سے بھی ملاقات کی۔میڈیا سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ بات آپریشن اور اڈیالہ سے پمز لانے تک پہنچ گئی اور بتایا تک نہیں گیا، پمزہسپتال میں کوئی ریٹینا اسپیشلسٹ ہے ہی نہیں یہاں بیٹھ کر چیف جسٹس پاکستان کا انتظار کریں گے۔