شام 5 سے رات 1 بجے تک روزانہ سوا 2 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوگی

اسلام آباد(پی این ایچ)پاور ڈویژن کے ترجمان نے پیک آورز ریلیف سٹریٹیجی سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو پیک آورز میں کھپت میں اضافے کا سب سے بڑا چیلنج درپیش ہے، شام 5 سے رات 1 بجے تک روزانہ سوا 2 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈسکوز کو بجلی بند کرنے کے اوقات صارفین سے شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، حکومت ہر وہ اقدام کرے گی جس سے عوام کو ریلیف ملے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر کمرشل مارکیٹس کی بروقت بندش سے بجلی کی طلب کم کی جاسکتی ہے، طلب میں کمی لا کر بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مزید کم کیا جا سکتا ہے۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق مہنگے ایندھن کے کم استعمال سے بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو روکا جا سکے گا۔ جولائی تا فروری بجلی صارفین کو 46 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود بجلی 71 پیسے سستی ہوئی ہے، کم لاگت ذرائع اور پیداواری صلاحیت کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا گیا، حکومت نے ترسیلی و انتظامی سطح پر بہتری لا کر نقصانات کو کم کیا۔عالمی سطح پر سخت حالات کے باوجود ملک میں بجلی کی پیداوار مستحکم ہے، اس وقت بھی ہم ضرورت کے مطابق بجلی پیدا کر سکنے کے قابل ہیں۔