ملک بھر میں(آج) سے بارشوں اور گرج چمک کے نئے سلسلے کے آغاز کی پیشگوئی

اسلام آباد (پی این ایچ)محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں (آج)پیر سے بارشوں اور گرج چمک کے نئے سلسلے کے آغاز کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں کیلئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں پیر کی شام سے صوبے کے مغربی اضلاع میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔خیبرپختونخوا میں 6سے 9 اپریل کے دوران پشاور، سوات، چترال اور دیگر اضلاع میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، مری، راولپنڈی اور اسلام آباد میں 6اپریل کی رات سے بارش اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ تیز ہواوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے،سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں بھی 6اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔