اسلام آباد (پی این ایچ) الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 20 اپریل 2026ء کو شائع کی جائے گی،الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 219(4) کے تحت کمیشن متعلقہ مقامی حکومت کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانے کا پابند ہے ،کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات 8 اگست 2026ء تک منعقد کرانا ضروری ہیں۔بدھ کوالیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں معزز اراکینِ الیکشن کمیشن کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ دفاع نے شرکت کی۔ اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈز کے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔افتتاحی کلمات میں چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں مقامی حکومتیں موجود ہیں، جبکہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 140(اے) کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، تاہم یہ انتخابات صوبائی حکومتوں کے بنائے گئے قوانین کے تحت کروائے جاتے ہیں۔اجلاس کے دوران کمیشن کو بریف کیا گیا کہ ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں گزشتہ بلدیاتی انتخابات 12 ستمبر 2021ء کو منعقد ہوئے تھے۔ کنٹونمنٹ بورڈز کی مدت اراکین کے حلف اٹھانے کی تاریخ سے چار سال مقرر ہے۔ آخری کنٹونمنٹ بورڈ کامرہ کی مدت 11 اپریل 2026ء کو مکمل ہو چکی ہے۔مزید الیکشن کمیشن نے 16 جنوری 2026ء کو ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں وارڈز کی حد بندی کا شیڈول جاری کیا تھااور حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 20 اپریل 2026ء کو شائع کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 219(4) کے تحت کمیشن متعلقہ مقامی حکومت کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانے کا پابند ہے لہٰذا کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات 8 اگست 2026ء تک منعقد کرانا ضروری ہیں۔ مزید برآں، دفعہ 219(3) کے تحت انتخابی شیڈول کے اعلان سے قبل وفاقی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔ اسی طرح کنٹونمنٹس ایکٹ 1924ء کی دفعہ 19D(2) کے تحت کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے انعقاد کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو باقاعدہ تحریری درخواست درکار ہے۔اجلاس میں کمیشن سے درخواست کی گئی کہ کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کے تعین کے لیے وفاقی حکومت سے مشاورت کی جائے۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ دفاع نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک باقاعدہ اور تسلسل کے ساتھ جاری رہنے والا عمل بن چکا ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ دفاع اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس نے کنٹونمنٹس میں انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت اور قانونی تقاضے بروقت مکمل کیے جائیں گے تاکہ الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول اور الیکشن کا انعقاد یقینی بنا سکے۔
ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 20 اپریل کو شائع کی جائے گی، الیکشن کمیشن
