ملک میں 81لاکھ سے زائد سمز ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر فعال ہونے کا انکشاف

اسلام آباد (پی این ایچ)ملک میں 81لاکھ سے زائد سمز ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے،نادرا نے شہریوں کو اپنے شناختی کارڈوں کی فوری تجدید کرانے کی ہدایت کر دی۔ترجمان نادرا کے مطابق متوفی افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کسی بھی وقت بند ہو سکتی ہیں، شہری متوفی رشتہ داروں کے نام پر موجود سمز اپنے نام پر منتقل کروائیں، جون کے بعد تاخیر سے تجدید پر اضافی فیس اور جرمانے کا امکان ہے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے قبل بروقت تجدید کرائیں،میعاد ختم ہونے پر بینک اکائونٹس، موبائل سمز اور دیگر سہولیات متاثر ہو سکتی ہیں۔نادرا کے مطابق ایسے شہری سرکاری و فلاحی پروگراموں سے محروم ہو سکتے ہیں، تاخیر سے تجدید پر جرمانہ ممکن، تاہم نادرا فی الحال اس کا اطلاق نہیں کرتا۔نادرا ریکارڈ کے مطابق کروڑوں شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کی میعاد ختم ہے، نادرا کی جانب سے شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے تجدید کی یاد دہانی کروائی جاتی ہے۔ترجمان نادرا کے مطابق 18سال عمر ہونے پر شہری فوری شناختی کارڈ بنوائیں، پی ٹی اے کی جانب سے موبائل سروس کیلئے فعال شناختی کارڈ لازمی ہے۔